حریت کانفرنس کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے نوآبادیاتی اقدامات پر اظہار تشویش
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے نوآبادیاتی اقدامات میں تیزی بالخصوص رہائشی مکانات کی ضبطی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں وہی پالیسی اختیار کر رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل اپنے قبضے کی حکمتِ عملیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لیے مودی حکومت کا نیا ڈومیسائل قانون اسرائیل کے نوآبادیاتی منصوبے کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا مشورہ بھارت کو اسرائیل کی جانب سے دیا گیا تھااور اسرائیل اور بھارت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔
حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے اپنے جائز مقصد آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ منہاس نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کو دنیا کے ان دو ممالک میں شمار کیا جاتا ہے جن کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کو عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو آگے بڑھ کر مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنا پیدائشی حق حاصل کر سکیں۔






