بی جے پی کی جاگیردارانہ ذہنیت اقلیتوں کے خلاف جرائم میں اضافے کی وجہ ہے: کانگریس
نئی دہلی: بھارت میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت حکومت ایک جاگیردارانہ ذہنیت کو پروان چڑھا رہی ہے جس سے پسماندہ برادریوں کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہواہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے صدرنے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2013سے 2023کے درمیان دلتوں کے خلاف جرائم میں 46فیصد اور آدیواسیوں کے خلاف جرائم میں 91فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں حالیہ واقعات کا حوالہ دیا جن میںر ائے بریلی میں ایک دلت شخص ہری اوم والمیکی کا پیٹ پیٹ قتل، ہریانہ کے ایک آئی پی ایس افسر کے ساتھ ذات پات کی بنیاد پر امتیای سلوک ،جس نے بعد میں خود کشی کرلی، چیف جسٹس آف انڈیا بی آرگوائی پر حملہ اور راجستھان میں بزرگ دلت خاتون کملا دیوی رائیگرپر مظالم شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ الگ تھلگ واقعات نہیں بلکہ آر ایس ایس ۔بی جے پی کی جاگیردارانہ ذہنیت کا ایک خطرناک مظہر ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی سیاست سے مساوات، انصاف اور بھائی چارے کی آئین کی ضمانتوں کو خطرہ ہے اور حکومت نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ بھارت میں کسی انتہا پسند نظریے کے تحت نہیں بلکہ آئین کے تحت حکومت کی جانی چاہیے۔







