اقوام متحدہ نے بھارت میں نوجوانوں کے احتجاج کو وحشیانہ طریقے سے دبانے کا پردہ چاک کر دیا
سرینگر : اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے نوجوانوں کے احتجاج کے خلاف بھارت کی آمرانہ کارروائیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے پرامن اختلافِ رائے کو منظم انداز میں سزا دینے کا اقدام قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے اپنے مراسلوں میں کہاہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کا توہین آمیز موازنہ ”کاکروچ“ سے کیے جانے کے بعد بھارتی نوجوانوں نے بھرپور ردعمل کے طور پر ”کاکروچ جنتا پارٹی“ قائم کی۔
20 اکتوبر کو جاری اور 30 اکتوبر کو شائع کیے گئے بیان میں نوجوانوں کے پرامن احتجاج کے خلاف بھارت کی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں پولیس کی جانب سے ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال، من مانی گرفتاریوں، صنفی بنیادوں پر تشدد اور عوامی اجتماعات پر پابندیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے اور پرامن اجتماع کے حق کا تحفظ یقینی بنائے۔
مئی 2026 میں NEET امتحان کے نظام کی ناکامی اور پرچہ لیک ہونے کے واقعے نے طلباءمیں شدید غم و غصے کو جنم دیا۔ اس دوران 22 طلباءکی خودکشیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اس کے بعد ہزاروں طلبائ،ان کے اہل خانہ اور اساتذہ نے جوابدہی اور وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج کیا۔
تاہم بھارتی حکام نے بات چیت کے بجائے لاٹھی چارج، بالوں سے گھسیٹنے، طالبات کے ساتھ بدسلوکی، سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم غنڈوں کے استعمال اور دھاتی چھرے والی بندوقوں کے استعمال سے جواب دیا۔ بھارتی سپریم کورٹ پہلے ہی ان بندوقوں کے استعمال کی مذمت کر چکی ہے کیونکہ ان سے مستقل نوعیت کی چوٹیں پہنچتی ہیں۔ اہلکاروں نے اپنی شناخت چھپائے رکھی جبکہ نگرانی کا نظام پرامن اجتماعات پر نظر رکھتا رہا۔
مراسلوں میں مزید انکشاف کیا گیا کہ مظاہرین کے منتشر ہونے کا عمل شروع ہونے کے بعد بھی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو دہشت گردی کے الزامات کے تحت من مانے طور پر گرفتارکیاگیا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے سرکاری مراسلے، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ترجمان کے اکتوبر کے بیان اور 16 آزاد ماہرین کے مشترکہ پریس ریلیز میں ایک ہی طرزِ عمل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں طاقت کا غیر متناسب استعمال، نئی دہلی میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، وسیع پیمانے پر پابندیاں، ڈیجیٹل نگرانی کا ناجائز استعمال اور بعد ازاں آن لائن نفرت انگیز مہمات، ذاتی معلومات افشا کرنے اور دھمکیاں دینے کے واقعات شامل ہیں اوران کا خاص طور پر نشانہ خواتین مظاہرین بنیں۔
مبصرین کاکہنا ہے کہ تعلیمی نظام میں شفافیت کے جائز مطالبات کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھارت کا ردعمل اصلاحات کے بجائے جبر پر مبنی رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ محض ہجوم کو قابو کرنے کی کارروائی نہیں بلکہ پرامن اختلافِ رائے کو منظم انداز میں سزا دینے کا عمل ہے۔








