حریت رہنمائوں اور تنظیموں کاشہدائے جموں کوشاندار خراج عقیدت
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے شہدائے جموں کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پراس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اس سانحے کو کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین اور المناک باب قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج، بھارتی فوج اور ہندو جنونیوں نے نومبر1947 کے پہلے ہفتے میں جموں خطے کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں اس وقت شہید کردیاتھاجب وہ پاکستان ہجرت کر رہے تھے۔
ظالم ڈوگرہ انتظامیہ نے مسلمانوں کو پاکستان جانے کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کرکے دھوکہ دیا اور انہیں مخصوص مقامات پر لے جا کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ مردوں اور بچوں کا قتل عام کیا گیا، جبکہ ہزاروں خواتین کو اغوا کر لیا گیا۔ دنیا بھر میں کشمیری 6 نومبر کو یومِ شہدائے جموں کے طور پر مناتے ہیں۔
حریت رہنمائوں عبدالصمد انقلابی، مولانامصعب ندوی، فیاض حسین جعفری، مولانا سبطِ شبیر قمی اور پروفیسر زبیری نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں سانحہ جموں کو نسل کشی کی بدترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں شروع ہونے والی خونریزی کا سلسلہ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ہے، جس کے نتیجے میں کشمیریوں کو آزادی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پربدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947سے اب تک بھارتی فوج کے ہاتھوں تقریبا 5 لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور نسل کشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
جموں و کشمیر تحریک حریت، مسلم لیگ جموں و کشمیر، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک وحدتِ اسلامی,ینگ مینز لیگ اور پیروانِ ولایت سمیت مختلف حریت تنظیموں نے کہا ہے کہ 1947کا قتل عام کشمیر کی تاریخ کے ہولناک ترین واقعات میں سے ایک ہے، جس کی یادیں 79سال گزرنے کے باوجود آج بھی کشمیری عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ تھا جس کا مقصد جموں میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اب وادی کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بھی اقلیت میں بدلنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے غیر قانونی منسوخی کے بعد لاکھوں بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو اسی ایجنڈے کا حصہ قرار دیا۔
حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے مسلسل قتل عام کا نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری، حقِ خود ارادیت کے لیے اپنی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔





