اگنی ویر سکیم میں بار بار تبدیلی نوجوانوں ، قومی سلامتی سے کھلواڑ ہے، کانگریس
تینوں مسلح افواج میں1 لاکھ 55ہزار سے زائد عہدے خالی ہیں، رندیپ سنگھ
نئی دلی: کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت کی طرف سے اگنی ویر سکیم میں بار بار کی جانے والی تبدیلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خدمت کے لیے فوج میں بھرتی ہونے کے خواہش مند نوجوانوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کی جا رہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق رندیپ سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے اگنی ویر سکیم میں چوتھی بار تبدیلی کر کے نوجوانوں میں الجھن اور غیر یقینی کی صورتحال پید ا کر دی ہے جو قومی سلامتی کے نقطہ نظر بھی تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہا کہ جو حکومت فوج میں بھرتی کے معاملے میں واضح اور مستقل فیصلہ نہیں کر سکتی ، اس سے قومی سلامتی کو یقینی بنانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ ایک طرف چین نے مشرقی لداخ میں بھارت کی تقریبا ایک ہزار مربع کلو میٹر زمین پر قبضہ کر رکھا ہے ، تو دوسری طرف انڈو تبتین بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی) کے ڈائریکٹر جنرل نے ریاست اروناچل پردیش میں ”حقیقی کنٹرول لائن“ پر چینی فوج کے ساتھ تصادم کی بات کی ہے۔
رندیپ سنگھ نے مزید کہا کہ اس وقت تینوں مسلح افواج بری ، بحری اور ائر فورس میں 1 لاکھ 55ہزار سے زائد عہدے خالی ہیں ، جبکہ مرکزی ریزرو پولیس فورس ، بارڈر سیکورٹی فورس، مرکزی صنعتی فورس اور انڈو تبتین بارڈر پولیس سمیت مرکزی مسلح پولیس فورسز میں بھی ایک لاکھ سے زائد عہدے خالی ہیں، یہ صورتحال قومی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے 2021سے فوج میں باقاعدہ بھرتی روک کر چار سالہ اگنی ویر بھرتی کا نظام شروع کیا ،مخالف بڑھنے پر 25فیصد اگنی ویروں(جوانوں)کو مستقل کرنے اور ریاستی حکومتوں کی بھرتیوں میں ترجیح دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔






