بھارت :مغربی بنگال میں گرجا گھروں اور مسیحی عبادت گزاروں پر حملوں کے خلاف احتجاجی مارچ
کولکت: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ہندوانتہاپسندوں کی طرف سے گرجا گھروں، مسیحیوں کی دعائیہ تقریبات اور عبادت گاہوں پرحملوں، توڑ پھوڑ اور ہراساں کئے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف کولکتہ میں سینکڑوں مسیحی افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مذہبی آزادی کے تحفظ اور ان واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ کا اختتام ایسپلینیڈ کے مقام پر ہوا، جہاں مظاہرین نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران مسیحی برادری کے خلاف مسلسل حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔مسیحی تنظیم بنگیا کرسٹیا پریشد (بی سی پی) نے بتایا کہ مئی سے اب تک ریاست بھر میں مسیحیوں کے دعائیہ اجتماعات اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے کم از کم 48 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم تنظیم کے مطابق صرف 15 واقعات میںایف آئی آر درج کی گئی ہیں جس سے ان واقعات کے حوالے سے حکام کے طرزعمل پر سوالات اٹھتے ہیں۔
تنظیم نے اس سے قبل یکم نومبر کو ایسپلینیڈ کے علاقے رانی رشمونی روڈ پر ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا تھا۔ کولکتہ اور اس کے گردونواح کے اضلاع سے لوگوں نے اس اجتماع میں شرکت کی، جبکہ مختلف گروپوں نے مسیحی برادری سے یکجہتی کے اظہار کے لیے سیالدہ، برلا پلانیٹیریم اور ہاوڑہ سے مارچ کیا۔
احتجاج کے دوران بی سی پی کے پانچ رکنی وفد نے جمعرات کو راشٹریہ سوائمسیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے مغربی بنگال کے سربراہ جیشنو باسو سے ملاقات کی اور گرجا گھروں اور مسیحی اجتماعات پر حملوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ ملاقات جنوبی 24 پرگنہ کے علاقے باسانتی میں حال ہی میں تعمیر کیے گئے ایک گرجا گھر پر ہندو انتہاپسندوں کے حملے اور توڑ پھوڑ کے چند روز بعد ہوئی۔ اس حملے میں متعدد پادری اور گرجا گھر کے بشپ زخمی ہوئے تھے۔اسی روز مالدہ کے علاقے ہریش چندر پور میں ایک دعائیہ اجتماع پر بھی حملہ کیاگیا۔ اس سے قبل 5 جولائی کو جنوبی 24 پرگنہ کے علاقے سبھاش گرام میں زیر تعمیر گرجا گھر کو ایک ہجوم نے توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا تھا۔
ایک اور واقعے میں ضلع مغربی مدناپور میں تین مسیحی خاندانوں کو بجرنگ دل کے ارکان نے ہراساں کیا، دھمکیاں دیں اور انہیں زبردستی ”گھر واپسی“ یعنی مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔ واقعے کے دوران خواتین کو جن میں ایک کم عمر لڑکی بھی شامل تھی، جنسی طور پر ہراساں کیا گیا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔
کولکتہ کے اجتماع میں مسیحی برادری کے متعدد رہنماو¿ں اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں آل انڈیا کرسچن کونسل اور نیشنل فیڈریشن آف چرچز کے صدر آرچ بشپ جوزف ڈی سوزا، بشپ شیامال بوس، بشپ نرمل گومز، بشپ سبدھ منڈل اور نیشنل کونسل آف بیپٹسٹ چرچز اوڈیشہ کے ریورنڈ سمریش نائیک شامل تھے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نصیر حسین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی مذہبی بنیادوں پر تقسیم کی سیاست کو اقلیتوں کے آئینی حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے مغربی بنگال حکومت پر زور دیا کہ وہ مسیحیوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کی حفاظت یقینی بنائے، حملوں کے ذمہ داروں کا احتساب کرے اور ہر شہری کو خوف کے بغیر اپنے مذہب پر عمل کرنے کے حق کی ضمانت دے۔
یہ احتجاج پورے مغربی بنگال میں مسیحی خاندانوں، دعائیہ اجتماعات اور گرجا گھروں پر بار بار ہونے والے حملوں کی اطلاعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ مسیحی برادری کے نمائندے ان واقعات کے ذمہ داروں کے احتساب، پولیس کی موثر کارروائی اور عبادت گاہوں کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔








