اتر پردیش:18سال کی نظربندی کے بعد بری ہونے والا مسلمان قتل
پولیس اسٹیشن سے واپسی پر حملہ آوروں نے شریف پر فائرنگ کی
رامپور: بھارتی ریاست اتر پردیش میں دہشت گردی کے الزامات سے سال بعد بری ہونے والے مسلمان شہری محمد شریف کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد شریف نے تقریبا 18سال جیل میں گزارے ۔ اسے 2008کے رامپور سی آر پی ایف گروپ سینٹر حملے کے مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ تاہم الہ آباد ہائی کورٹ نے اکتوبر 2025میں اسے اور تین دیگر ملزمان کو دہشت گردی اور قتل کے الزامات سے بری کر دیا تھا۔
محمد شریف کو منگل کے روز کھجوریہ میں اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہ پولیس اسٹیشن سے واپس جا رہاتھا۔ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کردی،جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
محمد شریف کے وکیل محمد شعیب کے مطابق پولیس نے شریف کو تصدیق کے لیے بلایا تھا، مگر اسے طلب کرنے والے اہلکار پولیس اسٹیشن میں موجود نہیں تھے۔ واپسی پر تقریبا 500میٹر کے فاصلے پر اسے قتل کر دیا گیا۔شعیب نے قتل میں ممکنہ سازش اور پولیس اہلکاروں کے کردار کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
قانونی مدد فراہم کرنے والی تنظیم رہائی منچ کے جنرل سیکریٹری راجیو یادو نے بھی سوال اٹھایاہے کہ عدالت سے بری ہونے کے باوجود شریف کو پولیس تصدیق کے لیے کیوں بلایا گیا تھا۔شریف کو نومبر 2025میں بریلی سینٹرل جیل سے رہاکیاگیاتھا۔ اس کے قتل نے بھارت میں دہشت گردی کے الزامات سے بری ہونے والے مسلمانوں کے تحفظ اور پولیس کے طرز عمل پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔








