مقبوضہ کشمیر میں طبی تعلیم کے خواہشمند 100 سے زائد طلباء کا مستقبل خطرے میں
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کی جانب سے اجازت نامہ جاری کرنے میں تاخیر کے باعث آئندہ تعلیمی سیشن میں طبی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند 100 سے زائد طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔
طلباء اور ان کے والدین نے آج پریس کالونی سرینگر میں جمع ہو کر کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اجازت نامہ جاری کرے تاکہ داخلوں کا عمل شروع ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ’کشمیر میڈیکل کالج‘ کو فعال بنانے اور داخلوں کا عمل شروع کرنے کے لیے فوری منظوری ناگزیر ہے۔
طلباء اور والدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ 16 نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل مداخلت کریں اور ’لیٹر آف پرمیشن‘ کے حصول میں ہونے والی پانچ ماہ کی تاخیر دور کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت منظوری نہ ملی تو آئندہ تعلیمی سیشن میں داخلہ لینے کے خواہشمند 100 سے زائد طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔
طلباء نے بتایا کہ مطلوبہ منظوری حاصل کرنے کی بار بار کوششوں کے باوجود یہ معاملہ گزشتہ پانچ ماہ سے حل طلب ہے۔ ایک طالب علم نے کہا کہ ہم نے ستمبر میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور 27 اکتوبر کو ہماری سماعت بھی مثبت رہی، لیکن معاملہ اب بھی حل نہیں ہو سکا۔
طلباء کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’کشمیر میڈیکل کالج‘ کو فعال بنانے میں تاخیر کے باعث مقامی طلباء طبی تعلیم کے حصول کے لیے جموں و کشمیر سے باہر جانے پر مجبور ہیں۔





