سونیا گاندھی کے خلاف متنازعہ بیانات : کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج
شملہ :اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے بارے میں شوشل میڈیا پر متنازعہ بیانات دینے پر ریاست ہماچل پردیس میں مقدمہ درج کیا گیاہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بی جے پی سے وابستہ کنگنا رناوت ہماچل پردیش کے شہر منڈی سے پارلیمنٹ کے ایوان زیرین کوک سبھا کی رکن بھی ہیں۔
شملہ کے رہائشی اتل شرما نے پولیس کے پاس شکایت درج کرائی تھی جس میں انہوں نے کنگنا کے خلاف ”نفرت پھیلان اور غلط معلومات پھیلانے“ کے الزام میں ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے اس معاملے کی ایک مقررہ مدت کے اندر تحقیقات کرانے کی بھی درخواست کی تھی۔
اتل شرما کا کہنا تھا کہ کنگنا کی سوشل میڈیا پوسٹوں میں اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی کی اموات کے حوالے سے سنگین الزامات موجود ہیں اور انہوں نے سونیا گاندھی کو ایک پراسرار غیر ملکی شہری کے طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتعال انگیز اور بے بنیاد الزامات نقص امن کا باعث بن سکتے ہیں۔
پولیس نے شکایت کے بعد رکن پارلیمنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ایس ایس پی گورو سنگھ نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’بھارتیہ نیائے سنہیتا‘ کی دفعات 353 (غلط معلومات)، 356 (ہتکِ عزت) اور 196 (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔








