امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے شرجیل امام کو ”ضمیر کا قیدی“ قرار دیا
واشنگٹن:بھارتی سکالر شرجیل امام کی طویل قید ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے ۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزای نے بھی انہیں مذہبی بنیادی پر قید افراد کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ”ضمیر کا قیدی“ قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، امریکی وفاقی کمیشن نے دسمبر 2019 اور جنوری 2020 میں بھارت کے شہریت ترمیمی ایکٹ(سی اے اے) کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شرجیل امام کی شرکت کا حوالہ دیا ہے اور ان کی سرگرمیوں کو مذہبی آزادی کے لیے ایک پرامن جدوجہد قرار دیا ہے۔
”یو ایس سی آئی آر یف “ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں شرجیل امام کا پروفائل شیئر کیا، جس میں ان کی قید کو ان کی مذہبی شناخت اور مذہبی آزادی کی وکالت سے منسلک ’ظلم و زیادتی‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ کمیشن نے عمر خالد سمیت دیگر زیر حراست کارکنوں کے مقدمات کا بھی ذکر کیا ہے۔
شرجیل امام کو دہلی پولیس نے 28 جنوری 2020 کو گرفتار کیا تھا۔ تب سے وہ بھارتی کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت فروری 2020 کے دہلی مسلم کش فسادات سے متعلق مقدمے میں قید کاٹ رہے ہیں۔
شرجیل امام، جو جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں سابق ریسرچ اسکالر رہ چکے ہیں، شہریت ترمیمی ایکٹ اور ’نیشنل رجسٹر آف سٹیزنزکے خلاف بھارت بھر میں ہونے والے مظاہروں میں سرگرم تھے۔ وہ نئی دلی کے ’شاہین باغ‘ احتجاجی تحریک سے بھی وابستہ تھے۔
شرجیل امام کی قید کو سول سوسائٹی گروپوں، ماہرین تعلیم اور انسانی حقوق کے حامیوں کی جانب سے مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہے۔








