مودی دور میں بھارت جمہوری ملک نہیں رہا: راہول گاندھی
حیدرآباد: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت نے 2014 میں بھارت کا جمہوری نظام تباہ کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں انتخابی عمل، سرکاری اداروں اور میڈیا پر حکمران جماعت کا اثرورسوخ بڑھ چکا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے حیدرآباد میں بھارت سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے ذریعے 14 کروڑ ووٹرز کی حیثیت مشکوک بنائی گئی۔ انہوں نے مہاراشٹر انتخابات میں 70 لاکھ نئے ووٹرز کے اچانک اضافے پر بھی سوال اٹھایا اور الزام لگایا کہ ان سب نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔
کانگریس رہنما نے مودی اور ارب پتی کاروباری شخصیت گوتم اڈانی کے گٹھ جوڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد اڈانی کے کاروباری اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق سیاست اور کاروبار کے درمیان فرق ختم ہوچکا ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے عوام سے رابطہ مضبوط کر رہی ہے۔ انہوں نے سچائی، عدم تشدد اور محبت کو بی جے پی کے خلاف جدوجہد کا موثر ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے بھارت سمٹ میں شرکت سے محروم غیر ملکی مندوبین سے معذرت بھی کی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے 100 سے زائد غیر ملکی مہمانوں کے ویزے مسترد یا منسوخ کیے۔ کانگریس رہنما ششی تھرور کے مطابق 315 منظور شدہ مقررین میں سے 115 کو بھارت آنے سے روک دیا گیا یا ان کے ویزے منسوخ کردیے گئے۔








