
ارشد میر
کسی بھی معاشرے میں صحافت کا بنیادی فریضہ سچ کی تلاش، حقائق کی تصدیق اور عوام کو باخبر رکھنا ہوتا ہےلیکن جب صحافت اقتدار کے ایوانوں کی ترجمان، حکومتی ایجنسیوں کے بیانیے کی تشہیر اور سیاسی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ بن جائے تو وہ صحافت نہیں رہتی، پروپیگنڈے کا ایک منظم ہتھیار بن جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے ایک بڑے حصے، جو گودی میڈیا کے نام سے بدنام ہے، کا مسئلہ بھی یہی ہے کہ اس نے خبر اور الزام، تحقیق اور قیاس آرائی، صحافتی ذمہ داری اور سیاسی وفاداری کے درمیان موجود بنیادی فرق کو تقریباً مٹا دیا ہے۔ نتیجتاً کسی شخص پر دہشت گردی کا الزام لگانا، اسے مجرم قرار دینا اور اس کی کردار کشی کرنا محض ایک ٹی وی ہیڈلائن کا معاملہ بن کر رہ گیا ہےخواہ بعد میں حقائق اس سارے تماشے کی قلعی کھول دیں۔
تازہ ترین مثال مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے کولگام میں فائرنگ کے واقعے کی ہے جس میں بھارتی نیوز چینل نیوز 18 نے کسی عام کشمیری کو ہی نہیں بلکہ بھارتی سیاسی خیمہ سے وابستہ ایک معروف سیاسی کارکن لطیف احمد بٹ کی تصویر اٹھا کر انہیں مبینہ حملہ آور دہشت گرد کے طور پر پیش کر دیا۔ ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے لطیف احمد جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے یوتھ جوائنٹ سیکریٹری ، ایک کاروباری شخصیت اور دو بچوں کے والد ہیں۔ بھارتی چینل نے ان کی تصویر کو سرخ دائرے میں نمایاں کرکے انہیں دہشت گرد لطیف بٹ قرار دیا لیکن اس بنیادی صحافتی تقاضے کی زحمت گوارا نہ کی کہ تصویر میں موجود شخص کی شناخت کی تصدیق ہی کر لی جائے۔
معاملہ بھارتیوں کے لئے اس وقت مزید شرمناک ہوگیا جب لطیف احمد بٹ خود کیمرے کے سامنے آئے، اپنا موبائل فون دکھایا، اپنی اصل فیس بک پروفائل اور نیوز 18 کی وہی ویڈیو تھمب نیل سامنے رکھ دی جس میں ان کی تصویر کو حملہ آور کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر موجود نہیں اور اس جھوٹی خبر نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ چینل سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی اور ہتک عزت کے مقدمے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں چینل نے اپنی ویب سائٹ سے خبر بھی ہٹا دی۔ سوال یہ ہے کہ اگر لطیف احمد بٹ خود سامنے نہ آتے تو کیا ان کی زندگی، عزت اور خاندان کو لاحق خطرات کی ذمہ داری کوئی بھارتی ٹی وی چینل قبول کرتا؟ کیا ان کی تصویر نشر کرنے سے پہلے اتنی معمولی تحقیق بھی ممکن نہ تھی؟ اور اگر ممکن تھی تو کیوں نہیں کی گئی؟
بھارتی میڈیا کا یہ طرزِ عمل بہت پرانا ہے۔ نوے کی دہائی میں حزب المجاہدین کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد اس کی توثیق و تصدیق کے لیے تنظیم کے سربراہ سید صلاح الدین نے اسلام آباد کے ہوٹل ہالی ڈے اِن میں پریس کانفرنس بلائی تھی۔ اس موقع پر وہاں موجود ایک ہوٹل بیرے کو بھارتی میڈیا نے مبینہ طور پر آئی ایس آئی کے ایک بریگیڈیئر عبداللہ کے بطور پیش کرکے خوب شور مچایا۔ بعد ازاں مذکورہ بیرے نے پی ٹی وی پہ آکر اپنی شناخت ثابت کرکے بھارتیوں کو شرم کے مارے مر جانے کا موقع فراہم کیا تھا۔ ایک عام ہوٹل ملازم کو انٹیلی جنس ایجنسی کا اعلیٰ فوجی افسر بنا کر پیش کرنے کا یہ واقعہ اس امر کی مثال ہے کہ سنسنی پیدا کرنے اور اپنے مخصوص بیانیے کو تقویت دینے کے لیے گودی میڈیا کس حد تک مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ دعوے کر سکتا ہے۔ ایک صحافی کے لیے کسی شخص کی شناخت کی تصدیق بنیادی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے لیکن جب مقصد خبر دینا نہیں بلکہ سنسنی پیدا کرنا اور فسطائی حکومتی بیانیہ کو قائم کرنا ہو تو ایک بیرے میں بھی بریگیڈیئر دکھائی دینے لگتا ہے۔
ستمبر 2026ء میں بڈگام کے علاقے میں ایک جعلی مقابلہ کے بعد بھارتی فوج اور میڈیا نے ایک شخص کو پاکستان کا سابق ایس ایس جی اہلکار محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ قرار دیتے ہوئے اس کی شہادت کا دعویٰ کیا۔ بھارتی بیانیے میں اسے پہلگام واقع میں ملوث لشکر طیبہ کا مطلوب کمانڈر اور سابق پاکستانی فوجی ظاہر کیا گیا۔ لیکن یکم اکتوبر 2026ء کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسی محمد آصف، سابق حوالدار اور ایس ایس جی اہلکار، کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ محمد آصف نے خود بتایا کہ وہ 2023ء میں فوج سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور پاکستان میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔ یوں جس شخص کو بھارتی فوج اور میڈیا نے مار دینے کا دعویٰ کیا تھا، وہ زندہ و سلامت دنیا کے سامنے موجود تھا۔
بے شرمی ، بھونڈے پن اور غیر ذمہ داری کا عالم دیکھئے کہ بھارتی فورسز اور میڈیا نے اسی ہاشم موسیٰ کو 28 جولائی 2025 میں بھی سرینگر کے علاقہ داچھی گام نیشنل پارک میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ قابلِ غور امر یہ ہے کہ اسی روز بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ میں پہلگام واقعے پر مودی حکومت سے جواب دہی اور احتساب کرنا طے کیا ہواتھا اور اُسی صبح پارلیمنٹ اجلاس سے پہلے ہی داچھی گام میں ایک جعلی مقابلہ میں تین نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور اجلاس شروع ہوتے ہی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں یہ خبر بریک کرکے تینوں کو پہلگام حملے کا قصوروار قرار دیا۔
یہ محض ایک صحافتی لغزشیں نہیں بلکہ وہ پورامیڈیا کلچر ہے جس میں کسی انسان کی عزت، آزادی اور سب سے بڑھ کر مسلہ کی سنگینی یا کسی ملک سے کشیدہ تعلقات کو پیش نظر رکھنے سے زیادہ اہمیت اس سنسنی خیز سرخی کو حاصل ہے جو کسی مخصوص سیاسی یا ریاستی بیانیے کو تقویت دے سکے۔ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کو چھپا کر ایک سیاسی کارکن کو دہشت گردی کے واقعے سے منسلک کرنا نہ صرف صحافتی بددیانتی ہے بلکہ ایک ایسے خطے میں انتہائی خطرناک عمل ہے جہاں کسی شخص پر دہشت گردی کا لیبل لگنے کے نتائج گرفتاری، تشدد اور ماورائے عدالت قتل تک پہنچ سکتے ہیں۔
مئی 2025ء میں آپریشن سندور کے دوران بھی بھارتی میڈیا کی یہی روش عالمی سطح پر اس کی ساکھ کے لیے شرمندگی کا باعث بنی۔ ویڈیو گیمز کے مناظر، پرانی فوٹیج اور غیر متعلقہ ویڈیوز کو عسکری کارروائیوں اور کامیابیوں کے ثبوت کے طور پر نشر کیا گیا۔ عالمی ذرائع ابلاغ اور فیکٹ چیکنگ اداروں نے ان دعووں کی حقیقت واضح کی۔ بھارت میں تعینات امریکی سفیر سرجیو گور نے اگست 2026ء میں بھارتی ٹی وی چینلز کی سنسنی خیزی اور جعلی خبروں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی چینلز پر خبر، تجزیے اور حقائق کے درمیان فرق مٹ چکا ہے اور جعلی خبروں کے معاملے میں بھارت نے امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جب کسی ملک کے اندرونی اور بیرونی حلقوں میں اس کے میڈیا کی ساکھ کا یہ حال ہو تو اس کے اسباب پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
اسی طرح پونچھ کے ایک مدرسے کے استاد قاری محمد اقبال کو خطرناک دہشت گرد کمانڈر قرار دے کر پیش کیا گیاحالانکہ وہ ایک بے گناہ شہری اور دینی مدرسہ کےاستاد تھے جو بھارتی گولہ باری میں شہید ہوئے تھے۔ بی بی سی نے 26 مئی 2025ء کی اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی حقیقت سامنے لائی اور بھارتی میڈیا کے دعووں کی قلعی کھول دی۔
اس سے پہلے جولائی 2022ء میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں طالب حسین نامی شخص کی گرفتاری کے بعد اسے عسکریت پسندی سے جوڑا گیالیکن بعد ازاں اس کی بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستگی اور جماعتی عہدے سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں۔ بی جے پی کے ترجمان نے اس کی آن لائن رکنیت کا اعتراف بھی کیاجبکہ پارٹی کے ایک عہدیدار نے اس کے سوشل میڈیا سے متعلق کردار کی تصدیق کی تھی۔
بھارتی گودی میڈیا کا المیہ یہ ہے کہ اس نے صحافتی تحقیق کے بجائے سنسنی فروشی کو اپنا کاروباری ماڈل بنا لیا ہے۔ کسی واقعے کی اطلاع ملتے ہی حقائق جمع کرنے کے بجائے اسٹوڈیوز میں فیصلے صادر ہونے لگتے ہیں۔ اینکرز کی چیخ و پکار بلند ہوجاتی ہے، سرخیاں جارحانہ ہوتی ہیں، مباحثوں میں مخالف آوازوں کو دبایا جاتا ہے اور چند غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر پورے معاشرے کے سامنے ایک مخصوص مجرم کا خاکہ پیش کر دیا جاتا ہے۔ یوں عملا گودی صحافیوں نے خود ہی تفتیش، استغاثہ اور عدالتی فیصلے کی ذمہ داری سنبھال رکھی ہے۔
اس رویے کا سب سے تشویش ناک پہلو بھارتی حکومتی اداروں، سکیورٹی ایجنسیوں اور مخصوص میڈیا حلقوں کے درمیان وہ مشتبہ اور شیطانی تعلق ہے جس کے نتیجے میں سرکاری دعوے صحافتی تصدیق کے بغیر خبر بن جاتے ہیں اور میڈیا کی تیار کردہ سنسنی دوبارہ سرکاری بیانیے کو تقویت دینے لگتی ہے۔ ایک طرف ایجنسیوں سے منسوب نامعلوم ذرائع اطلاعات فراہم کرتے ہیں تودوسری طرف ٹی وی چینلز انہیں بریکنگ نیوز بنا کر نشر کرتے ہیں اور پھر انہی خبروں کو قومی سلامتی کے بیانیے کی تائید میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس چکر میں نہ ذرائع کی شفافیت باقی رہتی ہے، نہ خبر کی آزادانہ تصدیق اور نہ ہی کسی بے گناہ شخص کے دفاع کا کوئی مؤثر راستہ۔
یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ ہر بھارتی صحافی یا ہر بھارتی ادارہ اس طرزِ عمل کا حصہ ہے۔ بھارت میں ایسے صحافی اور صحافتی ادارے بھی موجود ہیں جو ریاستی بیانیے سے اختلاف کرنے، حقائق سامنے لانے اور غلط خبروں کی نشاندہی کرنے کی جرأت رکھتے ہیں۔ لیکن مسئلہ ان طاقتور حلقوں کا ہے جنہوں نے صحافت کو قوم پرستانہ جذبات بھڑکانے، کشمیر و پاکستان مخالف کارڈ کھیلنے، مذہبی تقسیم گہری کرنے اور سیاسی مخالفین کو مشکوک ثابت کرنے کے آلے میں تبدیل کر دیا ہے۔ ایسے عناصر کے نزدیک سچائی کوئی مستقل اصول نہیں بلکہ ایک قابلِ استعمال چیز ہے، جسے سیاسی ضرورت کے مطابق قبول یا مسترد کیا جا سکتا ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی انسان کو دہشت گرد قرار دینے والے میڈیا ادارے اس کی بے گناہی سامنے آنے پر اسی شدت، اسی نمایاں جگہ اور اسی بلند آواز میں معذرت کرنے کی اخلاقی جرأت بھی رکھتے ہیں؟ کیا اس کی تصویر کے ساتھ چلائی گئی سنسنی خیز سرخیوں کی جگہ کوئی واضح تردیدی خبر بھی نشر کی جاتی ہے؟ کیا اس کے اہل خانہ سے معافی مانگی جاتی ہے؟ اور کیا ان لوگوں کا احتساب ہوتا ہے جنہوں نے محض چند منٹ کی ریٹنگ اور سیاسی خوشنودی کے لیے کسی شخص کو سماجی طور پر مجرم بنا دیا؟
مگر ایسے معاملات میں بھارتی میڈیا ئی دہشت گرد ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے موضوع تبدیل کر کے کسی نئی سنسنی خیز خبر کی طرف بڑھ جا تے ہیں۔ یہی بے شرمی بھارت کے اس صحافتی زوال کا سب سے نمایاں اظہار ہے۔ غلطی ہو جانا انسانی کمزوری ہے لیکن غلطی سامنے آنے کے باوجود اسے تسلیم نہ کرنا، متاثرہ شخص کی تذلیل کا ازالہ نہ کرنا اور عوام کو گمراہ کرنے پر شرمندگی محسوس نہ کرنا اخلاقی دیوالیہ پن ہے۔
اس سارے کھیل کا ایک اور خطرناک پہلو اس سے پیدا ہونے والی سماجی ، سیاسی سفارتی اور عسکری کشیدگی ہے۔ جب کسی فرد یا گروہ کو بغیر ثبوت دہشت گرد، غدار یا ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے تو اس کے اثرات ٹی وی اسکرین تک محدود نہیں رہتے۔ عوام میں نفرت جنم لیتی ہے، مذہبی اور سیاسی تقسیم گہری ہوتی ہے، مخصوص علاقوں اور برادریوں کو اجتماعی طور پر مشکوک نگاہ سے دیکھا جانے لگتا ہے اور بے گناہ افراد کو ہراسانی، معاشرتی بائیکاٹ اور تشدد کے خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ اس ضمن میں بھارت میں کشمیریوں پر حملوں اور بدسلوکی کی سینکڑوں واقعاتی شہادتیں موجود ہیں۔ کسی خبر کے نتیجے میں اگر کسی خاندان کی زندگی اجڑ جائے، کسی بے قصور کو نشانہ بنایا جائے یا نفرت کی آگ بھڑکاکر اس سے کسی کو نشانہ بنائے جانے کے سامان کئے جائیں تو اس کے ذمہ دار صرف وہ افراد نہیں جو نفرت کا عملی اظہار کرتے ہیں بلکہ وہ میڈیا ادارے بھی ہیں جنہوں نے اس نفرت کے لیے فضا ہموار کی۔
کشمیر جیسے پہلے سے حساس اور سیاسی و انسانی حقوق کے پیچیدہ مسائل سے دوچار خطے میں اس طرزِ صحافت کے نتائج کہیں زیادہ تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ یہاں ہر خبر محض ایک خبر نہیں رہتی بلکہ اس کے اثرات عوام کے تحفظ، سیاسی ماحول، شہری آزادیوں اور پاکستان تک پہنچتے ہیں۔ ایسے حالات میں غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کشیدگی کم کرنے کے بجائے اسے مزید بھڑکاتی ہے۔
کسی قوم کی عظمت اس کے میڈیا کے بلند ترین نعروں، جارحانہ مباحثوں یا دوسروں پر لگائے گئے الزامات سے ثابت نہیں ہوتی ۔ جو میڈیا اپنے ہی معاشرے بلکہ اپنی حکومت کے پروردہ سیاسی خیمے سے وابستہ لوگوں کو بھی بغیر تصدیق مجرم بنا دے، جو سرکاری دعووں کو تحقیق کے بجائے عقیدے کی طرح قبول کرے اور جو اپنی غلطی کے انسانی نتائج سے لاتعلق رہے، وہ قومی مفاد کا محافظ نہیں بلکہ قومی شعور کے لیے خطرہ ہے۔
جھوٹ کو بار بار نشر کرنے سے وہ سچ نہیں بن جاتا، کسی شہری کو دہشت گرد کہہ دینے سے وہ دہشت گرد نہیں ہو جاتا اور کسی سیاسی مفاد کو قومی سلامتی کا نام دے دینے سے وہ قومی سلامتی کا تقاضا نہیں بن جاتا۔ تاریخ میں سرخیوں کی گونج ختم ہو جاتی ہے، ٹی وی اسٹوڈیوز کی آوازیں خاموش ہو جاتی ہیں لیکن جھوٹے الزامات سے تباہ ہونے والی زندگیاں، ٹوٹنے والے خاندان اور نفرت کی بنیاد پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے زخم دیر تک باقی رہتے ہیں۔ یہی وہ سچ ہے جس کاکشمیر اور پاکستان دشمنی میں اندھے ہوئے بھارتی گودی میڈیا اور اس کے سرپرست حکمرانوں کو احساس نہیں ہے۔





