لداخ کے نوجوان کی خودسوزی کی دھمکی ، عدالتی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر بے نقاب
سابق فوجی کے بیٹے کی ذہنی اذیت کا ذمہ دار انتظامیہ ہے:لہہ ایپکس باڈی
لہہ:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لداخ خطے میں ایک 17سالہ نوجوان نے اپنے والد سمیت چار شہریوں کے قتل میں انصاف نہ ملنے پر بی جے پی دفتر کے باہر خودسوزی کرنے کی دھمکی دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس واقعے نے گزشتہ سال لداخ میں ہونے والے تشدد کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر کا معاملہ دوبارہ اجاگر کردیا ہے۔ نوجوان کے والد تسوانگ تھرچن کرگل جنگ کے سابق فوجی تھے۔ وہ ستمبر 2025میں لہہ میں احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فورسزکی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے چار شہریوں میں شامل تھے۔
نوجوان نے اپنے والد کے قتل کے حالات سے متعلق جواب نہ ملنے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔12 نومبر کو اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں نوجوان نے ہندی زبان میں کہا کہ اس کے والد نے 1999کی کرگل جنگ میں حصہ لیا تھا۔ تاہم ان کی ہلاکت کے بعد خاندان انصاف کا منتظر ہے۔اس نے سوال اٹھایا، آخر کیا ہوا؟ یہ کس نے کیا؟ احکامات کس نے دیے؟ گولیاں کس نے چلائیں؟ ہمارے پاس ان میں سے کسی سوال کا جواب نہیں ہے۔
نوجوان نے عدالتی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر پر سوال اٹھایا۔ اس نے اپنے والد کی ہلاکت کو لداخ کے لیے آئینی ضمانتوں کی تحریک سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ایک اہم مقصد کے لیے اپنی جان قربان کی ہے۔اس نے کہا، ہمیں انصاف چاہیے! ہمیں آئینی ضمانت چاہیے۔8 نومبر کو اپ لوڈ کی گئی ایک اور ویڈیو میں نوجوان نے اپنی مادری زبان میں دھمکی دی تھی کہ اگر اسے انصاف نہ ملا تو وہ بی جے پی دفتر کے باہر خودسوزی کرے گا۔
ان ویڈیوز کے بعد لہہ کی سیاسی اور سماجی تنظیموں میں تشویش پیدا ہوگئی۔ خاص طور پر اس لیے کہ نوجوان نے رواں ہفتے کے آغاز میں لہہ ایپکس باڈی کی شروع کردہ تازہ احتجاجی تحریک میں بھی شرکت کی تھی۔نوجوان جمعہ کو بھی احتجاجی مقام پر موجود تھا۔ تاہم ایپکس باڈی نے اسے اس کی والدہ کے حوالے کردیا۔ اس کے بعد دونوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس نے تلاش کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے خودسوزی کرنے کی دھمکی دی تھی۔نوٹس کے مطابق 13 نومبر کو این ڈی ایس میموریل پارک میں اس کا طبی معائنہ کیا گیا تھا۔ اسی مقام پر ایل اے بی کا احتجاج جاری ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ نوجوان بظاہر شدید ذہنی دبا وکا شکار تھا۔ اسے ہسپتال میں جامع طبی معائنے کی ضرورت تھی۔
انتظامیہ کے رویے پر شدید تنقید
دریں اثناء اس معاملے پر لہہ ایپکس باڈی نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ نوجوان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جارہا ہے جس سے اس کی پریشانی مزید بڑھ سکتی ہے۔ایل اے بی کے سربراہ چیرنگ دورجے لکرک نے اس صورتحال کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس لیے ذہنی اذیت کا شکار ہے کیونکہ اس کے خاندان کو انصاف نہیں ملا۔ عدالتی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر نے بھی اس کی پریشانی بڑھا دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ اس کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جمعہ سے نوجوان کا تعاقب کررہی ہے۔نوجوان کے دادا نے جو بھارتی فوج کے سابق اہلکار اور کرگل جنگ کے سابق فوجی بھی ہیں، پولیس پر خاندان کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے میڈیا کو بتایاکہ پولیس کل اسے تلاش کرنے احتجاجی مقام پر آئی تھی۔ انہیں یہ ہراسانی بند کرنی چاہیے۔
اس واقعے نے ایک بار پھر ستمبر 2025میں چار شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے سوالات کو نمایاں کیا ہے۔ یہ ہلاکتیں لداخ کے لئے آئینی ضمانتوںکے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کے دوران ہوئی تھیں۔عدالتی تحقیقاتی رپورٹ میں مسلسل تاخیر کے باعث متاثرہ خاندانوں اور خطے کی سول سوسائٹی تنظیموں میں جوابدہی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔







