ایس پی اوز کوبھارتی فوجیوں نے قتل کیا، بی جے پی معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے: کانگریس
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کو بھارتی فوجیوں نے قتل کیا ہے اوربی جے پی اس معاملے کو دبانے کے لیے سستی اور گھٹیا سیاست کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ کے اس انکشاف کا دفاع کرتے ہوئے کہ ایس پی اوز کو بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گولی مار کر قتل کیاہے، پارٹی رہنما سہیل بخاری نے کہا کہ کانگریس اس واقعے کی مذمت کرتی ہے، تاہم حقیقت کو جان بوجھ کر دبایا جا رہا ہے۔
سہیل بخاری نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے معاملے کی جامع تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں، پولیس یا انتظامیہ نے اب تک واقعے کے بارے میں واضح تفصیلات باضابطہ طور پر ریکارڈ پر نہیں لائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیا پولیس نے اب تک واقعات کی اصل ترتیب کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی ہیں؟ میرے علم کے مطابق ایسا نہیں ہوا۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ ایسی صورت حال میں جب واقعے کے بارے میں سرکاری طورپرکوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی اور مقامی سطح پر مختلف کہانیاں گردش کر رہی ہیں، طارق قرہ ایک ذمہ دار سیاسی رہنما اور ذمہ دار سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے صرف یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ تمام پہلووں کی تحقیقات کی جائے اور حقیقت سامنے لائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ وہاں اصل میں کیا ہوا، یہ جاننا ان خاندانوں کا حق ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں تک حقیقت پہنچانے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے طارق قرہ کے مطالبے پر عمل کرنے کے بجائے بی جے پی نے جو کچھ کیا، وہ سب کے سامنے ہے۔
سہیل بخاری نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ذمہ داری کی طرف جن کے پاس امن و امان کا محکمہ ہے، اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے یہ تسلیم کرنے کے بجائے کہ ان خاندانوں کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ ان کے پیاروں کو بھارتی فوجیوں نے کن حالات میں قتل کیا،انتہائی گھٹیا سیاست شروع کر دی ہے۔
انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ یہ حقیقت واضح نہیں ہونے دینا چاہتے کہ ان نوجوانوں نے کن حالات میں اپنی جانیں گنوائیں۔کانگریس رہنما نے کہا کہ طارق قرہ نے وہی بات کی ہے جو زمینی سطح پر لوگ کہہ رہے ہیں کہ ایس پی اوز کو فوجیوں نے قتل کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب کوئی واقعہ پیش آتا ہے اور حکام ایک مرتبہ بھی واقعات کی کسی مخصوص ترتیب کی تصدیق کرتے ہوئے واضح بیان جاری نہیں کرتے تو اس خلا میں مقامی سطح پر مختلف باتیں سامنے آتی ہیں۔ یہ کانگریس کی من گھڑت کہانی نہیں ہے۔سہیل بخاری نے کہا کہ طارق قرہ نے صرف یہ بتایا کہ سامنے آنے والی مختلف باتوں میں ایک بات یہ بھی ہے جس کا مقامی لوگ ذکر کر رہے ہیں کہ بھارتی فوجیوں نے ایس پی اوز پر فائرنگ کی تھی۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے آنے چاہیے۔ طارق قرہ نے کہاکہ ہم تحقیقات چاہتے ہیں اور تمام پہلووں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ہلاک ہونے والے ایس پی اوز کی میتوں کی منتقلی کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے کا بھی حوالہ دیا اور سوال اٹھایاکہ ان نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اس سے بڑی ناانصافی اور توہین کیا ہو سکتی ہے؟انہوں نے کہا کہ اس کی براہِ راست ذمہ داری بی جے پی پر عائد ہوتی ہے کیونکہ یہاں وزارت داخلہ اور سکیورٹی نظام اسی کے زیر نگرانی ہیں۔
سہیل بخاری نے کہاکہ بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکارہے اور اس کے مقامی ارکان اسمبلی اور قائد حزب اختلاف سنیل شرما جانتے ہیں کہ وہ مسلسل یہ دعوے کرتے رہتے ہیں کہ انہوں نے یہاں حالات کو ٹھیک کر دیا ہے، لیکن سکیورٹی کی صورت حال یہ ہے کہ لوگ اب بھی مارے جا رہے ہیں، خواہ وہ کولگام ہو یا کشتواڑ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایس پی اوز کے قتل اور اس کے بعد معاملے کو دبانے کی کوشش پر سوالات اور جواب دہی سے بچنے کے لیے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔








