لداخ

لداخ میں لہہ ایپکس باڈی کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری، لوگ بڑی تعداد میں شریک

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لداخ خطے میں لہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) کا احتجاج بدھ کے روز مسلسل ساتویں دن بھی جاری رہا جس میں شدید سرد موسمی حالات کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ شریک ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لہہ ایپکس باڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس کا پرامن اور جمہوری احتجاج جاری رہے گا۔ ایک بیان میں ایل اے بی نے کہا کہ اس نے پیر کے روز انتہائی مختصر نوٹس پر عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی۔ تنظیم کے کنوینر نے کہاکہ شدید سردی کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلے۔ عوام کا یہ ردعمل لہہ ایپکس باڈی پر ان کے مسلسل اعتماد اور بھروسے کے ساتھ ساتھ لداخ کی امنگوں اور مستقبل کے لیے ان کے عزم کا عکاس ہے۔ایل اے بی نے کہاکہ عوام کی شرکت سے یہ پیغام گیا ہے کہ لداخ کے عوام انصاف کے حصول اور اپنے دیرینہ مطالبات کی تکمیل کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔
مظاہرین نے گزشتہ سال لہہ میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے چار شہریوں کے لیے انصاف کی فراہمی اور عدالتی تحقیقات کی رپورٹ بروقت شائع کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔دیگر مطالبات میں علاقے میں مجوزہ انتخابات کو ملتوی کرنے ،نئی دہلی کے ساتھ بامعنی مذاکرات اور بھارتی حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں پر مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد شامل ہیں۔
ایل اے بی نے احتجاج اور بھوک ہڑتال میں شرکت کرنے والوں اور نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت کے باوجود رات کے دھرنے میں حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔ اس نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ مطالبات پورے ہونے اور انصاف کی فراہمی تک اتحاد، نظم و ضبط اور ثابت قدمی برقرار رکھیں۔
ایل اے بی لداخ کی ان دو تنظیموں میں سے ایک ہے جو بھارتی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔ اس نے 12 نومبر کو احتجاج شروع کیا تھا۔اس کے فوری مطالبات میں 4 دسمبر کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کاا لتواءہے۔ لداخ انتظامیہ نے تاحال انتخابات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button