سرینگر:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے خطے لداخ کے علاقے کارگل میں موسم سرما میں مجوزہ انتخابات کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لہہ اور کارگل میونسپل کمیٹیوں کے لیے پولنگ 21نومبرکو شیڈول ہے۔ انتخابی عمل 30نومبر کو مکمل ہوگا۔ پورے لداخ میں پنچایت انتخابات بھی 21نومبرکو ہی منعقد ہونے ہیں۔ لہہ کی سیاسی، سماجی اور تجارتی تنظیمیں مجوزہ انتخابات کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں اور انہوںنے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
کارگل ڈیموکریٹک الائنس، سیاسی جماعتوں اور مختلف تجارتی و سماجی تنظیموں نے اس ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ لداخ سے رکن پارلیمنٹ حاجی حنیفہ جان نے بھی ‘لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے خلاف احتجاج کی حمایت کی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ شدید سردموسم اور سخت حالات کی وجہ سے بہت سے رہائشی ووٹ نہیں ڈال سکیں گے ۔ تنظیم کے شریک چیئرمین سجاد کارگلی نے قابض حکام پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کے جغرافیائی اور موسمی حالات کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات موسم سرما کے بعد منعقد کیے جانے چاہئیں۔احتجاجی پروگرام میں آج نمازِ مغرب کے بعد ایک ‘مشعل بردار مارچ’بھی شامل ہے۔
سجاد کارگلی نے حلقہ بندیوںکے عمل اور تعطل کا شکار مذاکرات پر بھی خدشات کا اظہار کیاہے۔
لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن، نمبردار ایسوسی ایشن اور لداخ گونپا ایسوسی ایشن نے آئندہ پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔یہ فیصلہ لہہ میں ایک مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ ایل بی اے کے صدر چیرنگ دورجے لاکروک کے مطابق تقریبا 70 نمبرداروں نے اس تجویز کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل بی اے اور گونپا ایسوسی ایشن نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ جب لداخ جموں و کشمیر کا حصہ تھاتو سخت سردیوں کے دوران انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے ۔ انہوں نے موجودہ انتظامیہ کو ایسے ہی خدشات کو نظر انداز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔KMS-Y







