متحدہ مجلسِ علماءکا ملاوٹ شدہ خوراک کے مسئلے پر مشترکہ خطبہ جمعہ دینے کا اعلان
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلسِ علماء(ایم ایم یو) نے آئندہ جمعہ کو مساجد میں ”خوراک میں ملاوٹ، اخلاقی زوال اور اجتماعی ذمہ داری“ کے موضوع پر مشترکہ خطبہ جمعہ د ینے کا فیصلہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سلسلے میں متحدہ مجلسِ علماءکی خطبہ مشاورتی کمیٹی کا ایک اجلاس سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے اوقاف دفتر میں منعقد ہوا جس میں مجوزہ خطبے پر غور و خوض کیا گیا اور اسے حتمی شکل دی گئی۔
متحدہ مجلسِ علماءنے ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میںخوراک میں ملاوٹ کے بار بار پیش آنے والے واقعات بالخصوص حال ہی میں بڑی مقدار میں سڑا ہوا گوشت ضبط کیے جانے اور غیر محفوظ اور غیر معیاری غذائی اشیا کی فروخت سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان تشویشناک واقعات نے عوامی صحت، تجارتی سرگرمیوں میں اخلاقی اقدار کی گرتی ہوئی صورتحال اور موجودہ فوڈ سیفٹی نظام کی کارکردگی کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
متحدہ مجلسِ علماءنے فیصلہ کیا کہ مشترکہ خطبے میں عوامی آگاہی بڑھانے، اجتماعی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے، حکومتی جوابدہی یقینی بنانے اور خوراک کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عوام کو ان مسائل سے آگاہ کیا جائے گا اور معاشرے کے ہر طبقے کی سطح پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنانے کی ترغیب دی جائے گی۔
مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں مولانا شوکت حسین کینگ، آغا سید محمد حسین صفوی، مولانا اخضر حسین، مفتی مدثر احمد قادری، مفتی قاضی توفیق عمر ندوی، مفتی عبدالرحمان کھانڈے، قاری محمد اسلم رحیمی، مفتی غلام رسول سامون اور مجلس کے سیکریٹری مولانا ایم ایس رحمان شمس نے شرکت کی۔








