جموں میں بھارتی فوجی اہلکارپراسرار حالات میں مردہ پایا گیا
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اہلکا رجموں شہر میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 31 سالہ بھارتی فوجی سنجیت سنگھ بی سی روڈ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ وہاں سے گزرنے والے بعض افراد نے اسے دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔رپورٹس کے مطابق فوجی اہلکار چھٹی گزارنے کے بعد اپنی تعیناتی کے مقام پر واپس جا رہا تھا کہ اسے جموں کے بس اسٹینڈ کے قریب بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔پولیس کے مطابق اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔
دریں اثنا ءموت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنجیت سنگھ چھٹی گزارنے کے بعد گرداسپور میں اپنی ڈیوٹی پر واپس جا رہا تھا۔
یہ واقعہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی فوجی کارروائیوں کے دوران پیش آیا ہے جن کے باعث علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ مسلسل فوجی موجودگی، جابرانہ اقدامات اور کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں نے پورے علاقے میں خوف و دہشت اور بے یقینی کی فضا پیداکردی ہے۔
حالیہ عرصے میں بھارتی فوجیوں کی پراسرار اموات کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے جس سے مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوںپر بڑھتے ہوئے نفسیاتی دباو¿، ذہنی تناو اور ان کے حوصلوںسے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں۔تاہم سنجیت سنگھ کی موت کے حالات تاحال واضح نہیں ہیں اور اس کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔









