امریکی عدالت نے اجیت ڈوول اور سمنت گوئل کو سمن جاری کر دیے
واشنگٹن : امریکہ کی ایک عدالت نے خالصتان نواز سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پَنوں کی جانب سے دائر کردہ دیوانی مقدمے کے سلسلے میں بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سابق سربراہ سمنت گوئل کو سمن جاری کر دیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیویارک کی سدرن ڈسٹرکٹ کورٹ کے کلرک نے بتایا کہ جمعہ کے روز فیڈ ایکس کے ذریعے نئی دہلی کی پٹیالہ ہاوس کورٹ، تیس ہزاری کورٹ اور دوارکا ڈسٹرکٹ کورٹ کو سمن ارسال کیے گئے۔عدالت نے 13 نومبر کو دی ہیگ کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے اجیت ڈوول اور سمنت گوئل کو سمن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
جج کیتھرین پولک فیلا کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ”عدالت اس دیوانی مقدمے میں مدعا علیہان تک عدالتی نوٹس پہنچانے کے لیے بھارتی عدالتوں سے تعاون کی درخواست کرتی ہے۔“جج فیلا نے دی ہیگ کنونشن اور بھارتی ضابطہ دیوانی کی متعلقہ دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی عدالتیں بھارتی عدالتوں کے ذریعے اجیت ڈوول اور سمنت گوئل کو سمن پہنچا سکتی ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دی ہیگ کنونشن کے تحت بھارت کے مرکزی ادارے کے ذریعے معمول کے مطابق سمن کی تعمیل کرانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اسے مسترد کر دیا گیا۔ اس کے بعد عدالت نے دی ہیگ کنونشن کے آرٹیکل 19 اور بھارتی ضابطہ دیوانی کے تحت متبادل طریقے سے سمن کی تعمیل کی اجازت دے دی۔
گرپتونت سنگھ پَنوں نے جو” سکھز فار جسٹس “(ایس ایف جے) کےجنرل کونسل بھی ہیں، انہیں قتل کرنے کی سازش کے حوالے سے ہرجانے کے حصول کے لیے یہ مقدمہ دائر کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اجیت ڈوول نے بھارت کے غیر ملکی خفیہ ادارے کے ساتھ مل کر انہیں قتل کرنے کی سازش تیار کی تھی۔
گزشتہ ماہ امریکی عدالت نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کو سفارتی مراسلہ بھیج کر اجیت ڈوول اور سمنت گوئل تک سمن پہنچانے کی کوشش بھی کی تھی۔








