راجوری میں بھارتی فورسز کا آپریشن مسلسل 12ویں روز بھی جاری

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائی بغیر کسی نتیجےکے مسلسل 12ویں روز بھی جاری رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے گمبھیر موگلہکا دورہ کیا۔ہیلی کاپٹروں، ڈرونز، سراغرساں کتوں، پیرا کمانڈوز اور ملٹی بیرل گرینیڈ لانچرز کے استعمال کے باوجود بھارتی فورسز کوئی نتیجہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔یہ آپریشن 23 مئی کو منجکوٹ سیکٹر کے ڈوریمل اورگمبھیر موگلہ میں آزادی پسندوں کی موجودگی کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔ تاہم 12 دن کے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے بعد بھارتی فورسز کی واحد کامیابی جنگل میں خون کے دھبوں کی دریافت ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ طویل فوجی محاصرے نے علاقے میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور بار بار گھروں کی تلاشی سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔







