محمد مقبول بٹ کے یوم شہادت پر مظفر آبادمیں ریلی نکالی گئی
مظفرآباد11فروری (کے ایم ایس)
معروف شہید کشمیری محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں پرخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباد میں ایک ریلی نکالی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت نے محمد مقبول بٹ کو1984میں آج ہی کے دن جبکہ محمد افضل گورو کو9فروری 2013 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی پر چڑھا کر ان کی میتوں کوجیل کے احاطے میں ہی دفن کردیاتھا۔ مظفر آباد میں ریلی کے شرکاء نے اتر اڈا چوک سے لال چوک تک مارچ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کرر ہے تھے۔اس موقع پر مقررین نے شہید محمد مقبول بٹ کو شاندرا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگا ہ بن گیا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ کشمیریوں کا جذبہ حریت بھارتی افواج کے تمام تر مظالم سے زیادہ طاقتور ہے اور مقبول بٹ اور افضل گوروکا عدالتی قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل ناگزیر ہے۔