اوآئی سی وزرا خارجہ کونسل نے جموں وکشمیر بارے لائحہ عمل کی منظوری دیدی
اسلام آباد24مارچ (کے ایم ایس )اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس نے جموں وکشمیرکے بارے میں ایک لائحہ عمل کی منظوری دی ہے جس کامقصداس دیرینہ تنازعے کے بارے میں رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دیناہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس لائحہ عمل کے تحت رکن ممالک بھارت کے ساتھ اپنے دوطرفہ رابطوں کے دوران جموں وکشمیرکا تنازعہ اٹھائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کیلئے پیشرفت کی جاسکے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام پر زور دیاجاسکے۔اوآئی سی کے رکن ممالک بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں امن وسلامتی ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورسنگین انسانی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی فورمز پراپنے موقف کو مربوط بنائیں گے ۔ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پرمسلسل نظررکھنے کیلئے مددفراہم کریں گے۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل علاقائی اورانسانی حقو ق کی تنظیموں سمیت اپنے مختلف رابطوں میں مسئلہ کشمیرکواجاگرکریں گے۔