مقبوضہ جموں وکشمیر:لورہ گام ترال میں پانی کی قلت کے خلاف لوگوں کا احتجاج
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے لورہ گام ترال کے لوگوں نے پانی کی قلت اورحکام کی بدعنوانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے بتایاکہ مقامی آبادی آج بھی پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ جل شکتی نے گاو¿ں کے نام پر کاغذات میں متعدد اسکیمیںچلارکھی ہیں لیکن زمین پر ان کا وجود ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج تک محکمہ جل شکتی نے عوام کے مفادات کے بجائے اپنے مفادات کو عزیز رکھا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے بتایاکہ علاقے کی کئی اسکیموں کے لیے منظور سینکڑوں پائپوں کو محکمے کے افسران نے گاڑیوں میں لوڈ کیا اور پھر کہاں لے گئے کسی کو معلوم نہیں۔ مظاہرین نے کہاکہ انتظامیہ بستی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہی ہے اور یہاں نہ صرف جل شکتی بلکہ دیہی ترقی اور دیگر محکمہ جات بھی کام نہیں کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے جل شکتی محکمے کے اس سیکنڈل کے خلاف پہلے ہی تحریری طور پردرخواستیں دے رکھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ خطے کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔








