امریکی فورڈ کمپنی نے بھارت میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ بند کردی
نئی دلی09ستمبر (کے ایم ایس)
گاڑیاں بنانے والی ملٹی نیشنل امریکی کمپنی فورڈ نے بھارت میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ فوری طورپر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورڈ موٹرز نے نئی دلی میں جاری ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ بھارتی مارکیٹ میں گزشتہ دس برسوں میں دو ارب ڈالر سے زائد کے نقصان کے پیش نظر بھارت میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ فوری طورپر بند کی جارہی ہے ۔ کمپنی نے کہاہے کہ تنظیم نو کے منصوبے کے تحت رواں مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں ریاست گجرات کے علاقے سانند میں واقع ویکل اسمبلنگ پلانٹ میں برآمدکی جانیوالی گاڑیو ں کی مینوفیکچرنگ بھی بند کردی جائے گی۔ اسی طرح چنئی میں واقع انجن اور اسمبلی یونٹ بھی آئندہ سال کی دوسری سہ ماہی میں بند کردیاجائے گا۔امریکی وہیکل کمپنی نے مزیدکہا کہ بھارت کے صارفین کیلئے کمپنی نے ایک منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت ملک میںنئی ہائبرڈاور مستاگ کیپو سمیت آئکونک گاڑیاں لانچ کی جائیں گی ۔
واضح رہے کہ بھارت دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جہاں امریکی فورڈ کمپنی کے سب سے زیادہ ملازمین موجود ہیں۔