حریت تنظیموں کا کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد

سرینگر:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت تنظیموں نے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ایک تاریخ ساز لمحہ قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے نہ صرف خطے کی تزویراتی صورتحال کو تبدیل کردیا بلکہ ایک جارح ہمسایہ ملک کو عبرتناک شکست دینے کے بعد پاکستان کے عالمی سطح پر وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فتح قومی اتحاد، فوجی طاقت اور جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب ایک طاقتور یاد دہانی ہے کہ پاکستانی قوم متحدہے اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت پوری طرح تیار ہے۔ارشد اقبال نے ایک عالمی امن ساز اور قابل اعتماد ثالث کے طور پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک خدادا پاکستان کی سول اور عسکری قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنے بڑھتے ہوئے سیاسی اور سفارتی اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے جلد اور پر امن حل کو یقینی بنانے میں مدد کریں۔کشمیر کو تقسیم برصغیرکا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر خطے میں خونریزی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے خطے میں بھارت کی توسیع پسندانہ اور سامراجی عزائم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں تقریبا دس لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں جن سے کشمیریوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے جو اپنے ہی وطن میں خود غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ادھرتحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو پاکستان کے خلاف جارحیت کیلئے ایک بہانے کے طورپر استعمال کرنے پر مودی کی بھارتی حکومت کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دورمیں بھارت ایک انتہاپسند اورسرکش ریاست بن چکا ہے ،جسے بین الاقوامی قانون اور علاقائی استحکام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی مسلسل مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔





