بی جے پی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ماحول کو خراب کردیا
جموں 04 اپریل (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے سینئر رہنما رمن بھلا نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس علاقے کی حیثیت کو کم کرکے امن، ہم آہنگی اور ترقی کے ماحول کو خراب کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میںپردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے جموں کے علاقے اپر چوادھی برہمنہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی بھوکی بی جے پی کی انتشارپسند اور موقع پرست سیاست نے معاشرے میں بدامنی کو جنم دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے مقامی وسائل بیچ دیے اورمقامی تاجروں کی قیمت پر تجارت کے تمام دروازے باہر کے لوگوں کے لیے کھول دیے اور کان کنی اور دیگر تجارت اس کی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے تجارت خصوصا کان کنی کی تجارت کو باہر کے تاجروں کے لیے کھول کر لاکھوں مقامی لوگوں کو بے روزگار کردیا ان کی روزی روٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔رمن بھلا نے جموں کے مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ دہی کے لئے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کے ذریعے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام ہر محاذ پر مشکلات کا شکار ہیں اور بے روزگار نوجوان پریشان ہیں۔