مقبوضہ جموں وکشمیر : حکام نے حیدر پورہ مارچ کو روکنے کیلئے پابندیاں سخت کر دیں
سرینگر ،10 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام نے لوگوں کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ کی طرف مارچ کو روکنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ان کی قبر کی طرف مارچ کی کال دی تھی ۔ تاہم قابض حکام نے مارچ کو روکنے کیلئے پابندیاں تیز کر دیں اور سرینگر ، بارہمولہ ، بڈگام ، اسلام آباد ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام اور دیگر شہروں اور قصبوں میں بھارتی فورسز کے اضافی اہلکار تعینات کر دیے ۔ بھارتی پولیس نے جامع مسجد حیدر پورہ کو بھی تالا لگا دیا اور لوگوں کو یہاںنماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔
قابض حکام نے لوگوں کو جامع مسجد سرینگر ، درگاہ حضرت بل ، خانقاہ مولا اور مقبوضہ علاقے کی دیگر بڑی مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے بھی روکا۔
دریں اثنا مختلف مقامی مساجد میں آئمہ ، خطبا اور علماءنے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے شہدا کے مشن کو سید علی گیلانی جیسے عزم اور لگن کے ساتھ آگے بڑھائیں ۔