مقبوضہ جموں و کشمیر

مشعال ملک کا محمد یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ

 

اسلام آباد 10ستمبر ( کے ایم ایس )پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن (پی سی او) کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کونئی دہلی کی تہاڑ جیل سے فوری طور پر رہا کرے جن کی والدہ اور بہن سرینگر کے ایک ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک جو غیر قانونی طور پر نظر بند محمد یاسین ملک کی اہلیہ ہیں نے آج (جمعہ ) ایک بیان میں کہا کہ ان کے شوہر کی ماں اور بہن کورونا میں مبتلا ہیں اور دونوں کی حالت تشویشناک ہے لہذا بھارتی حکومت انسانی بنیادوں پر فوری طور پر یاسین ملک کی رہائی کا حکم جاری کرے تاکہ وہ اپنی شدید علیل ماں اور بہن کی دیکھ بھال کر سکے۔مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی والدہ کی صحت اپنے بیٹے سے طویل جدائی کی وجہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے بگڑتی جا رہی ہے کیونکہ ظالم بھارتی حکام نے انہیں دو برس سے زیادہ عرصے سے اپنے بیٹے سے جدا کر رکھا ہے۔ انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ علیل ماں ، بیٹی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔
مشعال ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر کو بھی صحت کے سنگین مسائل درپیش ہیں اور فسطائی بھارتی حکومت انہیں درکار ادویات فراہم نہیں کر رہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابض حکام نے یاسین ملک کی آواز کو خاموش کرانے کے لیے تمام وحشیانہ طریقے اور غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام رہے۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری رہنما راجہ معراج الدین کلوال کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا جن کا سری نگر میں انتقال ہوگیا۔انہوں نے راجہ معراج الدین کی بھی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جو گزشتہ چار برس سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button