بھارت میں مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کی جارہی ہے ، میر شاہد سلیم
جموں15اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے کہاہے کہ بھارت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کی جارہی ہے اور یہ سب ہندتوا دہشت گردوں کی ایما پر کیاجارہاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر شاہد سلیم نے جموں میں جلیاں والا باغ قتل عام کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چند روز قبل رام نومی کے تہوار کے موقع پر بھارت کی آٹھ ریاستوں بشمول مدھیہ پردیش، بنگال، گجرات، دلی، کرناٹک، جھارکھنڈ، بہار اور گوامیں مسلم کش فسادات میں کئی مساجد اور مسلمانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا 2014کے بعد بھارت میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے انتہا پسند حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد مسلمانوں کے خلاف ظلم و تشدد کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ حریت رہنماء نے کہا ہے کہ بھارت کے اکثریتی طبقہ باور کروایا گیا ہے کہ مسلم سماج ان کی بقا اور سلامتی کیلئے خطرہ اور انہیں بھارت میں امن و سکون سے رہنے کیلئے مسلمانوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوتوا طاقتوںنے اس طرح پورے بھارت میں مسلم دشمنی کا ماحول تیار کیا ہے اور اس پروپیگنڈے کا سب سے خطر ناک پہلو یہ ہے کہ اسے حکومت اور ریاست کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے بھارتی سول سائٹی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ بھارت میں جاری مسلم کش فسادات کو نوٹس لیں اور یہ سلسلہ بند کرانے کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔