کٹھوعہ سے ایک شخص کی لاش برآمد، اہل خانہ کا قتل کا الزام
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک شخص کی لاش جو تین ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ تھا ، جنگل میں درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔
کشمیر میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اسے قتل کیاگیا ہے۔ لاش کی شناخت اجیت کمار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ڈنگہ امب ڈبی کٹھوعہ کا رہائشی ہے۔ اجیت کمار 29ستمبر 2023سے لاپتہ تھا، وہ پیشے سے ایک ڈرائیورتھا اور اپنے دوستوں کے ساتھ ٹکری گیا ہوا تھا جہاں ان کی کار کو حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق جب اجیت کے دوست گھر کے لیے روانہ ہوئے تووہ گاڑی کی مرمت کے لیے وہیں رکا۔تاہم آج اس کی بوسیدہ لاش جنگل سے برآمد ہوئی۔ لاش کو ادھم پور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔ادھر اجیت کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اسے قتل کیا گیا ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے۔