بی جے پی کو باہر رکھنے کے لیے پی اے جی ڈی کو مل کر الیکشن لڑنا چاہیے: عمر عبداللہ
سرینگر 27اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ پیپلز الائنس فارگپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کو جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے چاہئے تاکہ بی جے پی اور اس کی اے اور بی ٹیموں کو دور رکھا جاسکے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عمرعبداللہ نے سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر اپنی جماعت کے یوتھ کنونشن کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ میری ذاتی رائے ہے۔ اگر کوئی مجھ سے پوچھے تو میں تجویز کروں گا کہ پی اے جی ڈی کو بی جے پی اور اس کی اے اور بی ٹیموں کو دور رکھنے کے لیے انتخابات میں ایک ساتھ جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے لیکن حتمی فیصلہ خود پی اے جی ڈی کرے گی۔رمضان کے مقدس مہینے میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بارے میں عمر عبداللہ نے حیرانگی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ لگتا ہے کہ ہمیں جان بوجھ کر غصہ دلایاجا رہا ہے۔میں حیران ہوں کہ دن اور رات کے باقی اوقات میں کیسے بجلی رہتی ہے لیکن سحری اور افطار کے وقت نہیں رہتی؟ آپ سحری کے لیے اٹھیں توبجلی نہیں ہوتی اور جب آپ افطار کرتے ہیں تو پھر بجلی چلی جاتی ہے ۔اسی طرح نماز تراویح کے دوران بجلی نہیں ہوتی اور جب نماز ختم ہوجاتی ہے تو بجلی بحال کردی جاتی ہے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ یہ کشمیری عوام کو پریشان کرنے کی دانستہ کوشش معلوم ہوتی ہے۔ حجاب کے بارے میںانہوں نے کہا کہ یہ مذہبی فریضہ ہے اور کسی کو بھی ہمارے مذہبی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں۔