جامع مسجد سرینگر میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت
اسلام آباد30 اپریل (کے ایم ایس) پاکستان نے سری نگر کی جامع مسجد میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کے اجتماعات پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض فورسزنے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم کشمیریوں کے خلاف اپنے جبر میں شدت پیدا کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شب قدر اور جمعتہ الوادع کے اجتماعات پر پابندی سے کشمیری مسلمانوں کے دینی جذبات کو مجروح کیا گیا ۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کا طرز عمل شرافت اور انسانی وقار کے تمام اصولوں کی نفی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور بلاجواز اقدامات کے ذریعے مذہبی آزادیوں پر قدغنیں لگانا کشمیری مسلمانوں کے انسانی حقوق پر ایک اور حملہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان مذموم کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کو اپنے مذہبی اجتماعات پرامن طریقے سے منعقد کرنے دے اور ان کے مذہب اور اجتماع کی آزادی کے ناقابل تنسیخ حقوق میں رکاوٹ نہ ڈالے۔