بھارت: نویں جماعت کے طالب علم کو سکول میں قتل کرد یا گیا
چھتیس گڑھ26اگست(کے ایم ایس)
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے گڑھ کے ایک سرکاری اسکول میں 15 سالہ لڑکے کو دو لڑکوں نے چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ رام بھٹھا علاقے میں اسکول کے احاطے میں پیش آیا۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ملزم لڑکوں جن کی عمریں 17 سال ہیں کو منگل کی رات حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 ویں کلاس کا طالب علم دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران اسکول کے احاطے میں تھا جب دونوں ملزمان وہاں پہنچے اور اس سے جھگڑا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اچانک ایک ملزم نے مبینہ طور پر اس کے پیٹ میں چاقو سے وار کیا۔انہوں نے بتایا کہ موقع سے فرار ہونے سے پہلے دونوں نے اسکول کے عملے پر بھی چاقو دے مارا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکے کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔مقتول کی بہن جو اسی سکول میں پڑھتی ہے نے پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں ملزموں نے ماضی میں بھی اس کے بھائی کو سکول کے احاطے میں مارا پیٹا تھا۔