مسرت عالم، شبیر شاہ ، نعیم خان کا کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد
سرینگر 02مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفر نس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اوردیگر حریت رہنمائوں نے کشمیریوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے اپنے پیغامات میں مقبوضہ علاقے کے صاحب ثروت لوگوںپر زوردیاکہ وہ ضرورت مندوں بالخصوص شہدا کے اہلخانہ کا خیال رکھیں جنہوں نے مادر وطن کو بھارت کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی رہائی کے لیے دعا کریں جن کے ساتھ بھارتی جیلوں میں غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں نظربند کشمیری رہنمائوں کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے یہاں تک کہ انہیںصحت کی بنیادی سہولت بھی میسر نہیںہے۔ حریت رہنمائوںنے کہا کہ عید خوشی اورمسرت کا دن ہے تاہم مظلوم کشمیریوں اور دیگر تمام مظلوموں کے لیے حقیقی عید اس دن ہوگی جب وہ ناجائز قبضوں سے مکمل آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ آزادی کی صبح ضرورطلوع ہوگی اور وہ ایک آزاد قوم بن کر ابھریں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ مایوس کن صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علاقے کے عام لوگوں پرمودی حکومت کے ظلم وستم اورجبر کی وجہ سے کشمیری عوام ابھی تک اس مبارک دن کی اصل روح سے محروم ہیں ۔ حریت قائدین نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری بھارت کی ہٹ دھرمی اور جارحانہ پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں سے بے پناہ مصائب کا شکار ہیں ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے خلاف فسطائی مودی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحادواتفاق پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو دبانے کے لیے کالے قوانین اور ماورائے عدالت ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے تاہم بہادر کشمیری عوام نے آزادی اور وقار کی جدوجہد پر سمجھوتہ کئے بغیر بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف مزاحمت جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت یاد رکھنی چاہئے کہ حقیقی آزادی کی تحریکوں کو فوجی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ حریت رہنمائوں نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور دیگر مساجد اور درگاہوں کو حکام کی طرف سے بار بار بند کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی مواقع پر باجماعت نماز کی اجازت نہ دینا انتہائی تکلیف دہ اور مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔تہاڑجیل میں غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور رہنماء نعیم احمدخان نے دریں اثنا، خان نے عید الفطر کے مقدس موقع پر امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور حقیقی اسلامی اقدار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ عید الفطر ہمیں اپنے معاشرے کے بے سہارا اور ضرورت مندافراد خصوصا کشمیری شہدااور غیر قانونی طورپر نظر کشمیریوں کے اہلخانہ کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے ۔نعیم خان نے مخیر حضرات سے بھی پر زور اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی جبر سے متاثرہ کشمیریوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑھ چڑ ھ کر کردار دا کریں ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما زمرودہ حبیب اور عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا کہ عید الفطر کا تہوار اپنے آپ میں زندگی بخش پیغام رکھتاہے جس میں انسانیت کی حقیقی خوشحالی کا راز پوشیدہ ہے۔