بھارت :یوگی حکومت سے مایوس ایک اور کسان کی خودکشی
لکھنو10مئی (کے ایم ایس) بھارتی ریاست اترپردیش میںیوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت سے نا امید ایک اور کسان خودکشی جیسا سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 55سالہ کسان نے کئی لاکھ روپے کے قرض تلے دبنے کے بعد مبینہ طور پر پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ کسان کا نام پرتاپ سنگھ بتایا جا رہا ہے جو ظریف نگر علاقے میں اپنے بیلوں کو باندھنے کے لیے استعمال کی جانے والی رسی سے لٹکا ہواپایا گیا۔مذکورہ کسان نے حال ہی میں اپنی بیوی کے علاج اور قرض کا ایک حصہ ادا کرنے کے لیے اپنے بیل فروخت کر دیے تھے۔ظریف نگر تھانے کے ایس ایچ او سدھاکر پانڈے کے مطابق کسان پیر کے روز اپنے گھر سے نکلا تھا اور بعد میں اس کی لاش گائوں کے باہر ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ ایس ایچ او نے کہا کہ پرتاپ سنگھ کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ قرض کے سبب پریشان تھا۔ کھیتی باڑی میں نقصان ہونے کے سبب اسے اپنی زندگی کے پٹری پر واپس لوٹنے کی کوئی امید دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ایس ایچ او نے کہاکہ اہل خانہ نے اس حوالے سے کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں موت کی وجہ پھانسی بتائی گئی ہے۔