بھارت :این ڈی ٹی وی کے بعد اڈانی گروپ نے خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس خرید لی
نئی دہلی: بھارت میں بی جے پی کی ہندوتوا حکومت اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ایک طرف ذرائع ابلاغ کو اپنے اشاروں پر چلانے کے لئے ان پر دبائو بڑھارہی ہے اوردوسری طرف اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے اورجھوٹے پروپیگنڈے کے لئے ان کو اپنی تحویل لے رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سلسلے میںمودی کے ا رب پتی کاروباری دوست گوتم اڈانی کے زیرقیادت اڈانی گروپ کی میڈیا کمپنی اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس نے ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی کے بعد اب خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بھی خرید لیاہے۔ اڈانی گروپ کی جانب سے ممبئی اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی معلومات میں کہا گیا ہے کہ اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ نے آئی اے این ایس میں 50.50فیصد حصص حاصل کیے ہیں۔دونوں کمپنیوں کے درمیان حصص کی خریداری کے معاہدے پر 15دسمبر کو دستخط ہوئے تھے اور آئی اے این ایس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسی تاریخ کو حصص کی منتقلی کی منظوری دی تھی۔ آئی اے این ایس کا سالانہ کاروبار تقریبا 11.86کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔اسٹاک مارکیٹ کو دی گئی معلومات میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آئی اے این ایس کی اس ڈیل کی قیمت کتنی ہے۔ اڈانی گروپ نے گزشتہ سال کے آخر میں ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی کو خریدلیاتھا۔واضح رہے کہ مودی کی فسطائی حکومت اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے جس کے لئے بھارتی ذرائع ابلاغ اس کا اہم ہتھیار ہے۔اسی لئے بھارت میں میڈیا کے اکثر ادارے ہندو انتہاپسندوں کی ملکیت ہیں اورجو ادارے غیر جانبدار اورشفاف صحافت کے قائل ہیں انہیں یاتو مظالم ڈھاکر خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہیں یا اپنے ادارے ہندو انتہاپسندوں کو فروخت کرنے پر مجبورکیاجارہا ہے۔