مہاراشٹر: این سی پی کے صدر شرد پوار کو جان سے مارنے کی دھمکی نے حکومت میں ہلچل مچا دی
ممبئی 14مئی ( کے ایم ایس )بھارتی ریاست مہاراشٹر میں اس وقت ہلچل میں مچ گئی جب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) پارٹی کے صدر شرد پوار کو سوشل میڈیا پر جان کی دھمکی دی گئی۔این سی پی نے اس حوالے سے ممبئی پولیس کے سائبر سیل میں شکایت درج کرائی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مراٹھی زبان میں سوشل میڈیا پر دی جانے والی دھمکی کس تناظر میں دی گئی ہے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے دھمکی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے کہا ہے کہ دھمکی آمیز ٹویٹ کرنے والے شخص کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ، این سی پی کے ہاسنگ منسٹر ڈاکٹر جتیندر اوہاد نے پارٹی سر براہ کو ملنے والی دھمکی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس اور ممبئی کے پولیس کمشنر کی توجہ اس طرف مبذول کروائی ہے۔پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری سچن ساونت نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ اس بات کی طرف دیان دیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور سنگھ پریوار کی سماج کو متشدد اور بگاڑ دینے کی کوششوں نے ملک کو کہاں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت اور حقارت آج کے نوجوانوں کو مستقبل کے قاتل بنا رہے ہیں اور میں حکومت سے ان بدکرداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔