بھارت یاسین ملک کو ظالمانہ عدالتی کارروائی کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ،قمر زمان کائرہ
اسلام آباد18مئی(کے ایم ایس)
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کو ظالمانہ عدالتی کارروائی کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے،بھارت کا ہر ریاستی ادارہ ہندوتوا کی سوچ پر عمل پیرا ہے،بھارت کشمیری نوجوانوں کو جعلی کارروائیوں کی آڑ میں ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے ایک بیان میں کہا کہ یاسین ملک کو ایک عرصے سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید رکھنے کے باوجود بھارت ان کے عزم و حوصلے کو کمزور کرنے میں ناکام رہاہے۔،بھارت نے افضل گورو اور مقبول بٹ کا بھی عدالتی قتل کیاتھا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ یاسین ملک کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کورکوائیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے مزیدکہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت میں زرا برابر بھی کمی نہیں آئی ہے اورغیور اور بہادر کشمیری نوجوان بھارت سے اپنا حق خودارادیت ضرورچھین کر رہیں گے۔