مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر :کشمیری پنڈتوں کا احتجاجی مظاہرہ
سرینگر21 مئی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈت ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں اپنی برادری کے ایک فرد راہول بھٹ کے حالیہ قتل کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے سری نگر میں سڑکوں پر نکل آئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی ریلی راج باغ سے شروع ہو کر کلاک ٹاور لال چوک کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے پنڈت برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کا واحد مطالبہ یہ ہے کہ انہیں وادی کشمیر سے منتقل کیا جائے کیونکہ وہ یہاں محفوظ محسوس نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ نقل مکانی کے سوا ہم اپنی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے حکام کے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔