پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یاسین ملک کی عمرقید کی سزا کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد26 مئی (کے ایم ایس)
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارت کی عدالت کی طرف سے کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو عمرقید کی سزا سنائے جانے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ قرارداد انسانی حقوق کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے پیش کی۔اس سے قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے یاسین ملک کو غیرقانونی سزا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا کہ یاسین ملک کو جھوٹے الزامات پر سزا دی گئی۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ پاکستان نے تمام عالمی فورمز پر ہمیشہ کشمیری عوام کیلئے آواز اٹھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت بندوق کے زور پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔وفاقی وزیر بحری امور سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ یاسین ملک امن کا پرچم لیکرمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کوشکست دے رہاہے، پاکستان دنیا بھرمیں کشمیری عوام کامقدمہ لڑرہاہے اورلڑتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکے بیٹے یاسین ملک کومسلم دشمن نسل پرست بھارت نے جوسزا سنائی ہے ہم ان کی مذمت کرتے ہیں۔