مقبوضہ جموں وکشمیر:رہبرکھیل کے ملازمین کا غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرنے کا اعلان
سرینگر29مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںرہبر کھیل کے اساتذہ نے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رہبرکھیل کے ملازمین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حکام نے حال ہی میں ان اسامیوں کو پر کرنے کی تجویز پیش کی ہے جو تقرری کے وقت رہبر کھیل کے ملازمین کے لیے مختص کی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ پالیسی کے مطابق رہبر کھیل کے ملازمین کو 7سال کی عارضی مدت پوری کرنی ہے اور عارضی مدت پوری کرنے کے بعد انہیں خالی اسامیوں پر مستقل کیا جائے گا۔بیان میں کہاگیا کہ حکام نے عارضی مدت میں کمی اور تنخواہوں میں اضافے سمیت رہبر کھیل کے ملازمین کی مشکلات کو کم کرنے کا طریقہ تلاش کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی کیونکہ محض 3ہزارروپے ماہانہ پر گزارہ کرنا تکنیکی لحاظ سے ناممکن ہے۔تاہم کمیٹی نے حال ہی میں تجویز دی ہے کہ خالی آسامیوں کوایس ایس آر بی کو بھیجا جائے اور رہبر کھیل کے موجودہ ملازمین کی تنخواہ میں 50فیصد اضافہ کیاجائے جس نے جموں و کشمیر میں سب کو حیران کردیا ہے۔