مقبوضہ جموں و کشمیر
شبیر ڈار کی طرف سےسیدعلی گیلانی کے بیٹوں سے اظہار یکجہتی
سرینگر15 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے دونوں بیٹوں ڈاکٹر نعیم گیلانی اور نسیم گیلانی کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے آج سوپور کے علاقے ڈورو میں ان کے آبائی گھر گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوگواران سے گفتگو کرتے ہوئے شبیر احمد ڈار نے کہا کہ سید علی گیلانی جموں وکشمیر کی تاریخ کے عظیم ترین مزاحمتی رہنماء تھے جنہوں نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں اصولوں اور موقف پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنماء جموں و کشمیر کی مستقبل کی نسلوں کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے ۔اس موقع پر بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کے سیدعلی گیلانی کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔