عالمی امن کے لیے فلسطین اور کشمیر کے مسائل حل کرنے پر زور
اسلام آباد:امن اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ (INSPAD) کے صدر ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم نے قبلہ اول مسجد اقصی کے تحفظ اور مشرق وسطی، جنوبی ایشیا اور پوری دنیا میں امن کے لیے فلسطینی اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار طاہر تبسم نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امن پسند اقوام اور ممالک کو مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل کرکے مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی کیمیائی ہتھیاروں سے بمباری اور شہریوں کا قتل عام انسانیت کی توہین اور قابل مذمت اورظالمانہ کارروائی ہے۔ اقوام متحدہ ، ریڈ کراس اور دیگر امدادی ادارے فوری طور پر متاثرہ آبادی کو علاج، پانی، متبادل رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کریں۔انسپاد کے صدر نے اقوام متحدہ، او آئی سی، عرب لیگ، چین، روس، جرمنی، ایران، ترکیہ اور سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کریں، بصورت دیگر حالات کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں ایک ہزار معصوم بچوں اور چار سو سے زائد خواتین کی شہادت اور دس لاکھ افراد کے بے گھر ہونے کے بعد بھی دنیا کو شرم نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو اپنا دہرا ختم کرنا ہو گا ورنہ تہذیبوں کے تصادم کو روکنا ناممکن ہو جائے گا۔