آسام ، منی پوراور اترپردیش میں ملک سے بغاوت کے سب سے زیادہ مقدمات درج کئے گئے
نئی دلی 16 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارتی ریاستوں منی پور ، آسام اور اتر پردیش میں گزشتہ سال کالے قوانین ،غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ اور ملک سے بغاوت کے سب سے زیادہ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دسمبر 2019میں متعارف کرائے گئے متنازعہ قانون شہریت ،شہریت ترمیمی ایکٹ اورستمبر2020میں نافذ کئے گئے تین نام نہاد زرعی قوانین کخلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے بعد مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ اور ملک سے بغاوت کے مقدمات کے اندراج میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ انسانی حقوق کے کارکنوں ، صحافیوں اور زرعی تنظیموں کے لیڈروں سمیت سینکڑوں افراد کے خلاف ملک سے بغاوت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ متنازعہ قانون شہریت کے تحت متعدد اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کوملک کی شہریت سے محروم کر دیا گیاہے ۔بھارت میں تین زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں شروع ہونے والے کسانوں کے مظاہرے آج بھی جاری ہیں اور ہزاروں کسانوں نے زرعی قوانین کی منسوخی کیلئے نئی دلی کی سرحدوں پر دھرنا دیا ہوا ہے ۔انڈین نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو(این سی آر بی)کی سالانہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ آسام ، منی پور ، جھار کھنڈاور اتر پردیش میں درج کئے گئے ریاست کے خلاف جرائم کے ان مقدمات میں ملک سے بغاوت ، آفیشل سیکریٹ ایکٹ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر شامل ہیں۔ گزشتہ سال ان ریاستوں میں 5ہزار 613مقدمات درج کئے گئے جبکہ 2019میں انکی تعداد 7ہزار 656 تھی جس سے 26.7فیصد کی کمی ظاہرہوتی ہے ۔ ان میں سے تقریبا80فیصد مقدمات سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے بچانے کے ایکٹ جبکہ 14.2فیصد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت درج کئے گئے ۔ منی پور ، جھارکھنڈ ، آسام اور اتر پردیش میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت سب سے زیادہ تعدادمیںبالترتیب 169، 86، 76اور 72مقدمات درج کئے گئے۔2020میں منی پور ، آسام ، کرناٹک اور اتر پردیش میں ملک سے غداری کے سب سے زیادہ تعداد میں مقدمات درج کئے گئے۔آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مہاراشٹرمیں سب سے زیادہ دس مقدمات اور راجستھان میںچھ مقدمات درج کئے گئے جبکہ سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت اتر پردیش میں سب سے زیادہ دو ہزار126مقدمات اور تمل ناڈومیں 639 مقدمات درج کئے گئے۔