پاکستان کاعالمی برادری سے بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلام مخالف رجحان کا نوٹس لینے کا مطالبہ
اسلام آباد06جون (کے ایم ایس)پاکستان نے بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی کے دو سینئرعہدیداروں کی جانب سے حضرت محمدۖ کے بارے میں انتہائی گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخارنے ایک بیان میںکہاکہ بھارتی مسلمانوں میں بھی توہین رسالت کے اس واقعے پرشدیدغم وغصہ پایاجارہاہے اور بھارت کے مختلف علاقوں میں فرقہ وارانہ تشددکے واقعات اس کاواضح ثبوت ہیں۔ترجما ن نے کہاکہ ایسے ناقابل قبول بیانات سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر میں کروڑوںمسلمانوں کے جذبات کوسخت ٹھیس پہنچی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے اورانتہا پسندہندو جھتے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ان پرحملے کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ بی جے پی کی اعلی قیادت کی خاموشی اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ ان متعصب ہندوئوں کواپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے ریاستی مشینری کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار بھر عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلام مخالف رجحان کا فوری نوٹس لے اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق سلب کرنے پر بھارت کا محاسبہ کرے۔