مقبوضہ کشمیر میں ہرطرف چھائی قبرستان جیسی خاموشی کو ہرگز امن کا نام نہیں دیا جاسکتا، محبوبہ مفتی
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہر طرف چھائی قبرستان جیسی خاموش کی ہرگز امن کا نام نہیں دیا جاسکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے اپنے والد مفتی محمد سعید کی نویں برسی کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواہ وہ ریزرویشن کا مسئلہ ہو یا پھر سیٹلائٹ ٹاو¿ن شپ یا ریل منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کا معاملہ مقامی برادریوں کو کہیں پر بھی اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی برطرفی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
محبوبہ مفتی نے علاقے کی کھوئی ہوئی شناخت اور وقار کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن سے لوگوں کے دکھوں کا مداوا ہوسکے۔انہوں نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سرینگر مظفرآباد روڈ، پونچھ-راولاکوٹ روڈ اور جموں سیالکوٹ روڈ جیسے اہم تجارتی راستوں کو دوبارہ کھولنے پر زور دیا۔