پاکستان نے ہندو مندرکے واقعے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا
اسلام آباد10جون (کے ایم ایس)
پاکستان نے کراچی میں ایک ہندو مندر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کو مسترد کر دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ ہندوستان میں مذہبی جنونیوں کے ذریعے مسلمان برادری پر تشدد کرنے والوں کو ریاستی مشینری کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پورے ہندوستان میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق، زندگیوں اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، خاص طور پر مسلمانوں کے جنہیں ہندوتوا کے حامیوں کی طرف سے وحشیانہ حملوں کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ حال ہی میں توہین آمیز کلمات کے ذمہ دار بی جے پی عہدیداران کے خلاف بی جے پی قیادت اور بھارتی حکومت کی دو ٹوک مذمت ، فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی بھارت میں مسلمانوں کے دکھ درد کو کم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ڈھارس بندھانے کی جانب پہلا قدم ہوگا ۔ترجمان دفتر خارجہ کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے ، حملہ آوروں کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے ، ان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ وہ انصاف سے نہیں بچ پائیں گے، حکومت ان کے ساتھ قانون کی پوری طاقت سے نمٹے گی۔