مقبوضہ جموں وکشمیر :بھارتی فوجیوں نے مزیدچارکشمیری نوجوان شہید کر دیے
کشمیری نوجوان نوپور شرما کے خلاف ویڈیو پوسٹ کرنے پر گرفتار
سرینگر 12 جون (کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوان مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں کو آج ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا جب کہ ایک کو سرینگر کے علاقے پالپورہ میں شہید کردیا۔ انتظامیہ نے ان علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 1989 سے اب تک مقبوضہ علاقے میں 96ہزار54سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
دریں اثنا ، بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی رہنماﺅں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے جموں خطے میں وادی چناب کے کچھ حصوں میں آج بھی کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں نافذ رہیں۔ پولیس نے ضلع ڈوڈہ کے قصبے بھدرواہ میں گھر پر چھاپے کے دوران عادل غفور گنائی نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔ انہیں آنخضور ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی مرتکب بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف ویڈیو پوسٹ کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔
سرینگر اور اسلام آباد کے علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران مزید تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔
ایک وکیل نے سرینگر کی ایک عدالت میں عرضداشت درج کرائی ہے جس میں پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیانات پر بی جے پی رہنماﺅں نوپور شرما اور نوین کمار جندل کو سزاد ینے کی استدعا کی گئی ہے۔
کشمیر بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازعہ ٹی وی چینلز کا بائیکاٹ کریں اور کارپوریٹ سیکٹر سے کہیں کہ وہ ایسے چینلز کو فنڈ دینے سے باز رہیں جو بھارت میں مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی رہنماں کی طرف سے گودی میڈیا پر آنحضورﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصروں کی وجہ سے بھارت کو دنیا بھر میں سخت ردعمل کا سامنا ہے۔
ادھر بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے خالصستان حامی تنظیم انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کے سربراہ Lakhbir Singh Rode, کو اپنی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ خالصتان کے لیے سکھوں کی تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ آتشیں اسلحہ بھارتی پنجاب بھیج رہے ہیں۔