بھارت

وزیر خارجہ بلاول بھٹوکا او آئی سی کے سکریٹری جنرل کو ٹیلی فون، بھارت میں اسلامو فوبیا کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد13جون (کے ایم ایس )
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون کی تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اوربھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے اسلاموفوبیا کی کارروئیوں خاص طور پر بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے پیغمبر اسلام ۖکی شان میں توہین آمیزبیانات کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر خارجہ نے کہاکہ بی جے پی کے اعلی عہدیداروں کے توہین آمیز بیانات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی انضباطی کارروائی، مسلم دنیا کے درد اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے تضحیک آمیز کلمات کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی بھی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں پر بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کا تازہ ترین مظہرہے ۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کی عزت ،جان، مال،جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے توہین آمیز بیانات اور بھارتی مسلمانوں پر تشدد کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔ او آئی سی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کی یاددہانی کرائی اور ہندوستان میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کی راہ تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button