جموں : غلام احمد میر سمیت کانگریس کے متعدد لیڈر اور کارکن گرفتار
جموں13جون (کے ایم ایس)
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کے رہنمائوں اور کارکنوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جموں میں احتجاجی مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم بھارتی پولیس نے کانگریس کی مقبوضہ کشمیر شاخ کے صدر غلام احمد میر سمیت متعدد پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنما منی لانڈرنگ کے مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے پوچھ گچھ کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ غلام احمد میر کی قیادت میں سینکڑوں کانگریس کارکن جموں کے شہیدی چوک میں پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع ہوگئے اور مارچ شروع کرنے سے پہلے دھرنا دیا۔ تاہم پولیس نے مارچ کے شرکاء کو مین ریذیڈنسی روڈ سے آگے نہیں جانے دیا۔پولیس نے غلام احمد میر سمیت متعدد پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار کئے گئے رہنمائوں اور کارکنوں میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا ، نائب صدر مولا رام ، چیف ترجمان رویندر شرما، سابق وزرا شبیر خان اور یوگیش ساہنی ، صدر مہیلا کانگریس اندو پوار اور یوتھ کانگریس کے صدر ادے چب شامل ہیں۔